اتحادی افواج نے سعودی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل اور مشرقی صوبے کی جانب آنے والے 3 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔ حوثیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر حملوں میں ایک ماہ کے دوران اضافہ کیا ہے جہاں گزشتہ ہفتے ہی ایک حملے کے نتیجے میں ’سعودی سرکاری تیل کمپنی آرامکو‘ کی ایک انتظامی عمارت کو نقصان پہنچا تھا پاکستان کی جانب سے بھی اس حملے کی مذمت کی گئی تھی۔ حوثیوں نے جمعہ کو ایک بیان میں جازان صوبے کے علاقے الطوال میں سعودی فوج کے ٹھکانوں پر 2 بیلسٹک میزائل داغنے کا دعویٰ کیا تھا۔ بعدازاں ایک الگ بیان میں سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سعودی عرب کی مشرق سے مغرب تک پھیلی تیل کی پائپ لائن کے ایک پمپنگ اسٹیشن پر بھی حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے آج اپنے تازہ بیان میں بتایا کہ سعودی عرب کی جانب داغے گئے دونوں بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا گیا ہے جبکہ مشرقی صوبے میں آنے والے 3 ڈرونز بھی مار گرائے گئے۔ قبل ازیں میزائل حملوں کے خدشے کے پیش نظر سعودی سول ڈیفنس نے ریاض میں ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا اور شہریوں کو خبردار کیا تھا بعد ازاں سول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ ریاض میں خطرہ ٹل گیا ہے۔