اسلام آباد(ایس اعوان) پاکستان اور روانڈا نے پارلیمانی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

روانڈا کی پاکستان میں ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں روانڈا کے فرسٹ سیکریٹری کویبکا ایسڈراس بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران روانڈا کی ہائی کمشنر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو روانڈا کی پارلیمنٹ کے نظام، پارلیمانی امور میں خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی اور فعال کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روانڈا کی پارلیمانوں کے درمیان روابط بڑھانے اور ادارہ جاتی تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے روانڈا کے ایوانِ نمائندگان کی جانب سے پاکستان اور روانڈا کی قومی اسمبلیوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) متعارف کرانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اس مفاہمتی یادداشت کا جائزہ لے رہی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے 1994 میں توتسی نسل کی نسل کشی کے بعد روانڈا کی بحالی، قومی مفاہمت اور اتحاد کے عمل میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے امن کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے لیے روانڈا کے تجربات کو اہم قرار دیتے ہوئے اس سفر کو سمجھنے کی خواہش ظاہر کی۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور روانڈا دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ کے ساتھ پارلیمانی سفارت کاری اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔