لاہور: میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ”پارلیمنٹ میں موجود ہم سارے لوگ جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عوام سپریم ہے تو میری تمام سیاسی جماعتوں سے ایک ہی درخواست ہے کہ۔۔۔وہ ایک ریفرنڈم کرا لیں۔“ان کا کہنا تھا کہ ”اگر عوام کہتی ہے کہ (صوبے) بننے چاہییں تو (پھر) بننے چاہییں۔“ محسن نقوی نے واضح کیا کہ صوبوں کے معاملے پر ہر ایک کا اپنا اپنا مؤقف ہے اور ہر پارٹی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی دوسرے ’فرد کی رائے‘ سے اختلاف کر سکتی ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ’اپنا مؤقف ہے‘ اور اسی طرح کچھ جماعتیں صوبوں کے حق میں ’آفیشلی‘ نہیں بولتیں، ان کا اپنا مؤقف ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کی ’رائے بالکل ضروری ہے‘ اور ان کی رائے کو رد نہیں کیا جا رہا ”لیکن میرا خیال ہے کہ اس معاملے کا بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے لے لیں۔“اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ سامنے آنے والی سروے رپورٹس میں بھی اکثریت کا یہی مؤقف ہے کہ ’صوبے بننے چاہییں‘۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں سمجھتی ہیں کہ ان کے پاس ریفرنڈم سے زیادہ ’بہتر حل‘ ہے تو ”وہ بھی اب عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے کہ اس سے بہتر حل بھی موجود ہے۔“ خیال رہے کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل پر بحث محسن نقوی کے جولائی میں دیے گئے اپنے ہی ایک بیان سے پھوٹی تھی جس میں انہوں نے ’نظام کے ڈھ جانے‘ کے بعد ’نئے انتظامی یونٹس‘ پر سنجیدہ غور کرنے کی اپیل کی تھی۔