قومی
بریکنگ نیوز
زور زبردستی سے سندھ کو تقسیم ہوئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا، بلاول بھٹو
کراچی پریس کلب میں خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبے کی تقسیم سے معاشرے میں تقسیم ہوگی اور وہ تقسیم دشمنی تک چلی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی شدید الفاظ میں مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر زور زبردستی سندھ کو تقسیم کریں گے تو کراچی کی سڑکوں پر کچرا نہیں خون بہے گا، پھر اس پر سوال پوچھے جائیں گے، صوبے کی تقسیم کریں گے تو معاشرے میں تقسیم ہوگی۔
کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کے دوران انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ تو دور وفاقی کابینہ میں بھی بحث نہیں ہوئی پھر بھی ‘وفاقی وزیر خود بخود صوبے بنانے کی ’رٹ‘ لگائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ہم پوچھیں گے کہ ان کے وزیر کیوں ان کے کنٹرول میں نہیں، جب وزیر ہی اپنے وزیر اعظم کو سبوتاژ کروائیں گے تو پھر یہ پوچھنے پر مجھے حیرت ہوتی ہے کہ سسٹم کیوں کولیپس ہوا۔”انہوں نے ملکی نظام کے بوسیدہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سسٹم کو دھکا دے کر گرایا گیا ہے‘ اور ’ڈھ جانے والے نظام‘ کا حل نئے صوبوں کے قیام میں نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پیپلز پارٹی آئینی اور جمہوری طریقے سے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے اور یہ بات ان کے منشور کا بھی حصہ ہے تاہم ریفرنڈم جیسے چور راستوں سے ایسا کیے جانے کے خلاف ’ڈٹ کر کھڑی‘ ہو گی۔
انہوں نے سندھ کی تقسیم پر سنگین نتائج سامنے آنے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “زور زبردستی سندھ کی تقسیم کریں گے تو کراچی کی سڑکوں پر کچرا نہیں بلکہ جو خون بہے گا، اس پر سوال پوچھے جائیں گے، صوبے کی تقسیم کریں گے تو معاشرے میں تقسیم ہوگی اور وہ تقسیم دشمنی تک چلی جائے گی، عام آدمی ہتھیار اٹھائے گا، کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص میں ایک بھائی دوسرے بھائی کو قتل کرے گا، میں وہ خون خرابہ دیکھنا نہیں چاہتا۔ “
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ”اگر کل میرا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوجائے اور میں اپنی پارٹی سے کہوں کہ جاؤ صوبے کی تقسیم کے حق میں ووٹ دو تو میرے خلاف بھی بغاوت ہوجائے گی۔“
بلاول بھٹو نے اعتراف کیا ہے کہ ملکی نظام تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے اور اس عمل میں ان کا بھی ہاتھ ہے، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان غلطیوں کو تسلیم کرکے درست کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے حق کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا کام ہی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنا اور اس کی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔ حکومت کو اپوزیشن سے یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ وہ اس کے ہر اقدام کی حمایت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ”مولانا فضل الرحمان جیسا سینیئر سیاستدان یا اپوزیشن اگر حکومت پر تنقید کرتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے، آپ کو ان کا انداز اور لب و لہجہ پسند نہیں آیا تو یہی تو جمہوریت کی خوبصورتی ہے۔“
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مولانا کی تقریر اور مؤقف کا جواب سیاسی انداز میں دینا چاہیے کیونکہ اختلاف رائے کے جواب میں نیب کارروائیوں، گرفتاریوں کی کوششوں یا دیگر قانونی اقدامات کا سہارا لینا پارلیمانی نظام کو مزید کمزور کرتا ہے۔
”مولانا فضل کی تنقید کے بعد ہی حکومت کو ان کے بیٹے کے خلاف نیب کیسز اور مولانا کے گھر کے حوالے سے تجاوزات کا خیال آگیا، یہی تو سسٹم کے تباہ ہونے کی وجہ ہے، حکومت خود یہ کام کر رہی ہے۔“
بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جدوجہد میں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ”پاکستان کے نظام میں جو بھی اور جہاں بھی جس عہدہ پر براجمان ہے اسے سوچنا چاہیے کہ پی ڈی ایم کے وقت جو جدوجہد مولانا فضل نے کی اور جو کردار ادا کیا، اس کے بغیر آپ ان کرسیوں پر موجود نہ ہوتے۔“
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک کی ایک سیاسی حقیقت اور اہم سیاسی اسٹیک ہولڈر ہیں، انہیں پسند کیا جائے یا نہ کیا جائے، ملک کو ان کے بغیر نہیں چلایا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مولانا فضل کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی اور عمران خان کا اعتماد بھی بحال کرنا پڑے گا، پی ٹی آئی پاکستان کی اسٹیک ہولڈر ہے لہذا سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ اپوزیشن کے نظام پر تحفظات کیسے دور کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے انتخابی اعتراضات کو بھی سنجیدگی سے زیر بحث لانے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پاکستان میں نئے نہیں اور ماضی میں بھی انتخابی عمل پر اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں