قومی
بریکنگ نیوز
عمران خان کی بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کوٹ لکھپت جیل سے رہا
عمران خان کی دونوں بہنوں کو 20 ستمبر کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے کر ابتدائی طور پر 30 روز کے لیے نظربند کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی کوٹ لکھپت جیل میں قید 3 بہنوں میں سے 2 یعنی نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو رہا کردیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے ترجمان کے مطابق علیمہ خان کو رہا نہیں کیا گیا اور وہ ”ابھی بھی ناحق قید میں ہیں“۔رہا ہونے والی دونوں خواتین کو خیبر پختونخوا کے معزول وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی اور دیگر مطالبات کے لیے ابتدائی طور پر 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل 21 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یہ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کر دیا تھا جس کے آغاز کے ساتویں روز وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔
نورین اور عظمیٰ کی حراست سے ایک روز قبل یعنی 20 ستمبر کو عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ تینوں بہنوں کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ تین (تھری ایم پی او) کے تحت حراست میں لے کر ابتدائی طور پر 30 روز کے لیے نظربند کیا گیا تھا۔
ان کی نظر بندی کے احکامات کو اسی روز لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نظر بندی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی جسے عدالت نے 4 روز بعد مسترد کر دیا تھا۔
نظر بندی کو 30 روز پورے ہونے کے بعد ان کی اہل خانہ کی جانب سے رہائی کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے ہوم سیکرٹری کی جانب سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ تینوں خواتین کی نظر بندی کی مدت میں 7 اکتوبر کو مزید 30 روز کی توسیع کی گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے عظمیٰ خان کے بیٹے نے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند اپنی والدہ کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا معائنہ ذاتی معالج سے کرانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں