ترجمان دفترِ خارجہ نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، بھارت پاکستان کے اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات کے بجائے اپنے اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کے ریمارکس پاکستان کے داخلی امور میں ناقابلِ قبول مداخلت اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں۔ خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے پرواتھنینی ہریش نے جمعرات کو ’قدرتی وسائل اور تنازعات‘ کے موضوع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ بھارتی نمائندے نے پاکستان کی فوج اور حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی۔ دفتر خارجہ نے بھارت کے بیان پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کی مخالفت میں بھارت کی کوششیں واضح ہیں، بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی اور معاونت کر رہا ہے، نئی دہلی کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا طرز عمل قابلِ مذمت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے، پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق خدشات کا اظہار بارہا کیا ہے۔ 31 اگست 2026 کو معاہدے کے تحت قائم ثالثی عدالت نے متفقہ طور پر سندھ طاس معاہدہ برقرار اور مکمل طور پر نافذ العمل قرار دیا تھا۔