اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سزا کے خلاف اپیلوں کے علاوہ بشریٰ بی بی کی علاج کے لیے دائر متفق درخواست پر بھی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے اپیلوں پر تیاری کے لیے 2 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت سے کہا کہ اپیلوں پر کل دوبارہ سماعت رکھ لیں۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ ”آپ کو بہت جلدی لگ رہی ہے، وہ (عمران خان) سابق وزیراعظم ہیں، قابلِ احترام ہیں، ان کے اپنے مسائل ہیں، پوری پبلک کو خط چلا گیا ہے۔“ خیال رہے کہ عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے اپنی اور اپنی اہلیہ کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھوکھلا کیس ہے، انجام وہی ہوگا جیسے پہلے سزائیں ختم ہوئیں، جنرل ریٹائرڈ مشرف کیس میں بھی لائیو اسٹریمنگ ہوئی، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں بھی لائیو اسڑیمنگ ہو چکی ہے، ہماری استدعا ہے اس کیس کی لائیو سڑیمنگ کی جائے، اس میں سب سامنے آ جائے گا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف کیس کیا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت لائیو دکھانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اس عدالت نے اپیلوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ ہم اپیلوں پر قانون کے مطابق ہی فیصلہ کریں گے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ یہ کمزور کیس ہے اور مجھے میرٹ پر دلائل دینے پر خوشی ہو گی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ مرکزی اپیلوں سے متعلق بات کرنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس بولے آپ اس سے متعلق ایک بھی بات نہیں کریں گے۔ چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ کو دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی تو بیرسٹر سلمان صفدر نے اعتراض کیا کہ یہ اپیلوں پر دلائل کیسے شروع کر سکتے ہیں؟ چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان سے کہا کہ آپ بیچ میں مت بولیں جس کے جواب میں بیرسٹر سلمان نے کہا کہ ”پھر آپ لطیف کھوسہ سے ہی پوچھ لیں کہ کیا ہدایات ملی ہیں؟“ سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ اس عدالت کی ہدایت پر ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو گئی، میں نے اور بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے حلف نامے عدالت میں جمع کرائے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا وہ تو ہم نے گزشتہ سماعت پر طے کر دیا تھا کہ صحت کا معاملہ وفاقی آئینی عدالت ہی دیکھے گی، آپ کا بیان حلفی تھا کہ آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل دیں گے، آپ نے کہا پہلے ملاقات کروا دیں وہ بھی کروا دی ہے، اب آپ اپیل پر دلائل کا آغاز کریں، یہ چیف جسٹس کا آرڈر ہے کہ آپ اپیل پر دلائل کا آغاز کریں۔ لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر بیرسٹر سلمان صفدر دلائل دیں گے، بشری بی بی کی اپیل پر مجھے دلائل کی ہدایات ملی ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اب یہ درخواست فریش گراؤنڈ پر دائر کی گئی ہے، اب جو کیفیت ہے اس میں بشریٰ بی بی بینائی سے بھی محروم ہو سکتی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ نے اس متعلق خط لکھوا دیا ہے۔ لطیف کھوسہ نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کے سیل میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے، زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، تھوڑا سا بھی مزید انفیکشن ہوا تو بینائی جاسکتی ہے، سبطین نامی جیل اہلکار نے سانپ اور چوہوں کو مارا اور بعد میں اس جگہ پر سیمنٹ لگا دیا گیا۔