بریکنگ نیوز
بریکنگ نیوز
کوہاٹ: غیر قانونی مائننگ کے خلاف دوران آپریشن حملہ، متعدد پولیس اہلکار شہید
مقامی پولیس افسر فیصل خان کے مطابق کوہاٹ میں بدھ کو مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 اہلکار جان سے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ تھانہ گمبٹ کی حدود دربوکچ میں پیش آیا جس میں اہلکاروں کی شہادتوں کا بھی خدشہ ہے۔ مرنے والوں میں پولیس کے دو اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔فوری طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے جاری بیان کے مطابق پولیس کی نفری پر تھانہ گمبٹ کی حدود دربوکچ کے علاقے میں حملہ کیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’فتنہ الخوارج‘ نے پولیس نفری پر چھپ کر حملہ کیا جس میں دس سےزائد اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ شہادتوں کا بھی خدشہ ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 جواد آفریدی کے مطابق اب تک 12 پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر لاشیں بھی موجود ہیں۔ریسکیو 1122 کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ 12 اہلکار زخمی ہیں جب کہ 11 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کوہاٹ میں پولیس نفری پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شہید پولیس اہلکاروں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تھانہ گمبٹ کی حدود میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کارروائی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں