لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے 5 سال سے زائد عرصے تک جج رہنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے آئین کے آرٹیکل 206 کے تحت اپنا استعفیٰ صدر پاکستان کو جمع کرا دیا۔ استعفے کی کاپی رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو بھی بھجوا دی گئی۔ جسٹس شیخ کو 7 مئی 2021 کو لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات کیا گیا، وہ پانچ سال، تین ماہ اور 27 دن تک بنچ پر رہے۔ اپنے استعفیٰ میں جسٹس شیخ نے کہا کہ بطور جج خدمات سرانجام دینا اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی دفتر چھوڑنے کے بعد، انہوں نے قانونی اسکالرشپ، پالیسی ریسرچ اور تقابلی عدالتی پریکٹس کے ساتھ وسیع تر مشغولیت کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بینچ پر اپنے برسوں کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے سب سے اہم اور بھرپور سالوں میں سے ایک قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ بینچ کو چھوڑ رہے ہیں۔ جسٹس شیخ نے اپنے دور میں تعاون کرنے پر اپنے سینئر ساتھی ججوں اور عدالتی عملے کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وہ لاہور ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں 27 ویں نمبر پر تھے اور انہوں نے اپنے عدالتی کیریئر کے دوران 126 رپورٹ شدہ فیصلے جاری کیے تھے۔ جسٹس راحیل کامران شیخ جنوری 2036 میں ریٹائر ہونے والے تھے۔