بریکنگ نیوز
مکہ دفاعی معاہدہ : پاکستان، سعودیہ، ترکیہ کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت کی بیٹھک، اہم فیصلے
مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال، مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز، شام کی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت پر بھی گفتگو کی گئی۔
اسلام آباد: مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، حوثی ملیشیا کے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کی گئی، دفاعی صنعتوں، مشترکہ ٹیکنالوجی، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع، عسکری سربراہان اور انٹیلی جنس چیفس نے شرکت کی۔کمیٹی کا اسلام آباد میں یہ پہلا اجلاس ہے، اس سے قبل کمیٹی کے دو اجلاس سعودی عرب اور ترکیہ میں ہو چکے ہیں۔ اجلاس سے قبل اسلام آباد میں ابتدائی مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوئے جبکہ تمام ضروری ہوم ورک مکمل کر لیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی، سیاسی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے، دفاعی اشتراک اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال، یمن اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز بھی زیر غور آئے۔ شام کی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حتمی نام اور اس کے اختصار (ایبریویشن) کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ کمیٹی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دو، دو نمائندے شامل ہیں۔
اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود بھی شریک ہوئے۔ وہ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے اجلاس کے انتظامی اور ادارہ جاتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ترکیہ کا وفد آج صبح جبکہ سعودی عرب کا وفد گزشتہ شب پاکستان پہنچا تھا۔ تینوں ممالک کے درمیان یہ مشاورت دفاعی، سیاسی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی کے مشترکہ لائحہ عمل پر پیش رفت کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔
اجلاس کے بعد بعد مشترکہ اعلامیہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے، باہمی دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، اجلاس میں تینوں برادر ممالک نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور مشترکہ دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام سمیت مکہ دفاعی معاہدہ کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی، سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی شامل تھے جبکہ ترکیہ کے وفد میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر قومی دفاع یاسر گولر اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو شریک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، تینوں ممالک نے مشترکہ دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سمیت مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مکہ اتحاد برائے دفاع کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور مملکت سعودی عرب میں سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے سلسلے میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون اور رابطہ کاری کو مزید فروغ دینے، خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت اور تنازعات کے پُرامن حل کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں ممالک نے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کی اور مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کی اجتماعی دفاع سے متعلق شقوں کے مطابق مملکت سعودی عرب کی سلامتی،خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے اس کی حمایت میں کوششیں جاری رکھنے اور مزید تیز کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس میں دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تینوں ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے، مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹا جا سکے اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام میں کردار ادا کیا جا سکے۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں