قومی
بریکنگ نیوز
جوہری سلامتی، پاکستان کا عالمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار
پاکستان نے جوہری سلامتی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کی جانب سے اس عزم کا اظہار پاکستان اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے اسلام آباد میں جوہری سلامتی کی تربیت اور معاونت کے مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر راجا علی رضا انور نے سالانہ اجلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جوہری سلامتی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ اس شعبے میں پائیدار اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔
چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن نے کہا کہ جوہری سلامتی کے لیے مسلسل عالمی تعاون کی اہمیت اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ پاکستان 10 سال بعد دوسری مرتبہ این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق 23 سے 26 نومبر تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں 49 رکن ممالک کے نمائندوں اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت اور معاونت کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور تجربات کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈویژن آف نیوکلیئر سکیورٹی کے یونٹ ہیڈ نے اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس نے رکن ممالک کو اپنے تجربات اور مہارتوں کے تبادلے، قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور مستقبل کی ترجیحات کے تعین کے لیے ایک اہم موقع فراہم کیا۔
انہوں نے جوہری سلامتی کے شعبے میں آئی اے ای اے کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے مقاصد کے لیے اس کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔
دفتر خارجہ کے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس کے پہلے روز پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس فار نیوکلیئر سکیورٹی (پی سی ای این ایس) میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور آئی اے ای اے کے اعلیٰ حکام نے خطاب کیا۔
اس موقع پر ایک یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی گئی جس کے ذریعے پاکستان کی جانب سے 2016 میں اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی پہلی مرتبہ میزبانی کے 10 سال مکمل ہونے کی یاد منائی گئی۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں