آئی ایس پی آر کے مطابق یہ فوجی تعیناتی مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے، جس کی بنیاد دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات پر ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان، مملکت کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے، یہ دستے سعودی سرزمین پر، طے شدہ معاہدوں اور دفاعی تعاون کے قائم کردہ فریم ورک کے تحت اپنی تفویض کردہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ یہ تعیناتی ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی، تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے پائیدار بندھنوں کو اجاگر کیا گیا۔ مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔