اسلام آباد(ایس اعوان) پاکستان کو دسمبر اور جنوری کے لیے اسپاٹ ایل این جی کی سپلائی حاصل کرنے کی خاطر عالمی کمپنیوں کی جانب سے مہنگی بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایل این جی کارگوز کی سپلائی کے لیے موصول ہونے والی بولیاں کھول دی گئی ہیں، جن میں ایک کارگو کی قیمت 31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دسمبر اور جنوری میں ایل این جی کی سپلائی کے لیے مجموعی طور پر عالمی کمپنیوں کی جانب سے تین بولیاں موصول ہوئیں۔ 14 سے 16 دسمبر کے دوران ڈلیوری کے لیے دو بولیاں موصول ہوئیں، جن میں کم سے کم بولی 24 ارب 43 کروڑ 39 لاکھ روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ بولی 27 ارب 77 کروڑ 60 لاکھ روپے رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر کے ایل این جی کارگو کے لیے کم سے کم بولی 27.27 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ زیادہ سے زیادہ بولی 31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو بنتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ بولی کے مطابق ایک ایل این جی کارگو کی لاگت 27 ارب 77 کروڑ 60 لاکھ روپے تک پہنچ رہی ہے۔

اسی طرح 9 سے 11 جنوری کے دوران ڈلیوری کے لیے ایک بولی موصول ہوئی، جس کی مجموعی مالیت 24 ارب 28 کروڑ 16 لاکھ روپے ہے۔ جنوری کے ایل این جی کارگو کے لیے یہ بولی 27.01 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو بنتی ہے۔

ذرائع کے مطابق موصول ہونے والی کم سے کم بولیوں کو پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے بورڈ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد سپلائی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔