پاکستان نےاپنے دفاعی اور فضائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے، مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ”فاز“ کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کرلیا گیا ہے، میزائل کی کامیابی کو ملکی دفاعی صنعت میں تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فاز کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جو اسے اپنے ہدف تک درستگی کے ساتھ پہنچنے اور دشمن کے فضائی اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔