قومی
بریکنگ نیوز
پمز کے ڈاکٹروں کا اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ
ڈاکٹر عارف خان اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں کو جیل اسپتال کے عملے کی بھی معاونت حاصل تھی۔
ذرائع کے مطابق پمز کے ڈاکٹر عارف خان اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی پر مشتمل ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔ اس دوران ڈاکٹروں کو جیل اسپتال کے عملے کی بھی معاونت حاصل تھی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اپنی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔ عمران خان نے اعلیٰ عدلیہ کو لکھے گئے خط میں اپنی اور اہلیہ کی صحت پر تحفظات ظاہر کیے تھے جب کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بھی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔
ایک روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
عدالت نے اپنے حکم میں ہدایت کی تھی کہ اگر بشریٰ بی بی کو کسی ماہر ڈاکٹر کی ضرورت ہو تو ان کا اس سے علاج کرایا جائے، جب کہ ان کے جیل سیل کی صفائی کا خیال رکھنے اور جیل قوانین کے مطابق ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 18 نومبر کو بشریٰ بی بی کی علاج سے متعلق متفرق درخواست پر سماعت کی تھی۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی موکلہ کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور انہیں مزید طبی علاج کی ضرورت ہے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی تھی۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں