قومی
بریکنگ نیوز
عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ممالک سے کیے وعدے پورے کرے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کاپ کانفرنس 31 سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے اور موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے محض اعلانات کے بجائے ٹھوس اقدامات کرے۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کاپ 31 کا آغاز 9 نومبر کو ہوا تھا۔ کانفرنس میں دنیا بھر کے 200 سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت، حکومتی نمائندے اور ماہرین موسمیاتی تبدیلی شرکت کر رہے ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 4 سال قبل اقوام متحدہ کے اجلاس میں بتایا تھا کہ جو کچھ پاکستان میں ہوا وہ صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گا، آج بدقسمتی سے یہ بات ایک حقیقت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کسی سرحد کی پابند نہیں، اس سے نمٹنے کے لیے محض وعدے نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات انسانی جانوں اور معیشت کو بھاری نقصان پہنچاتی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے جبکہ ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ترکیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے اور بھرپور تعاون کیا۔
شہباز شریف نے کانفرنس کے شرکا کو بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کی تقریب میں شرکت۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کے قومی گرڈ میں 12 سو میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی کا اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کے عوام نے بجلی کی ڈسٹری بیوشن میں صرف 2 سال کے اندر 20 گیگاواٹ سولر انرجی کا اضافہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی مجموعی توانائی پیداوار میں تقریباً 55 فیصد کلین انرجی شامل ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان الیکٹرک موبیلیٹی کی جانب گامزن ہے اور پاکستان کا 2035 تک 50 فیصد تک کاربن اخراج میں کمی کا ہدف ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی بھی ملک کو پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس ضمن میں ملکوں کو مشترکہ پانی کے معاہدوں کا احترام کرنا چاہیے۔
اپنے خطاب کے آخر میں شہباز شریف نے شاندار میزبانی اور بہترین انتظامات پر ترک صدر اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انطالیہ میں ہونے والی کاپ 31 کانفرنس 20 نومبر تک جاری رہے گی۔ کانفرنس کے دوران صاف توانائی کے فروغ، عالمی ماحولیاتی بحران سے نمٹنے، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی معاونت اور پیرس ماحولیاتی معاہدے پر عمل درآمد کے امور زیر بحث آئیں گے۔ اجلاس میں عالمی موسمیاتی اہداف کے حصول اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں