غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ مطابق دنیا بھر کے بااثر مسلمانوں کی سالانہ فہرست ’دی مسلم 500‘ کا 2027 کا ایڈیشن جاری کردیا گیا جس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت متعدد پاکستانی شخصیات بھی شامل ہیں۔ اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کی جانب سے شائع کی جانے والی رپورٹ میں دنیا بھر سے 500 بااثر مسلم شخصیات کا انتخاب کیا گیا ہے جس کا مقصد ان افراد کے اثرورسوخ کا جائزہ لینا ہے جو مذہبی، سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں مسلم دنیا پر نمایاں اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 21 کروڑ 26 لاکھ ہےجو عالمی آبادی کا 26.66 فیصد بنتی ہے۔ دی مسلم 500 کے 2027 ایڈیشن کی نمایاں بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ مشترکہ طور پر 5 شخصیات کو نمبر ون قرار دیا گیا ہے۔ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنے والی شخصیات میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان رہنماؤں کو مسلم ممالک کے درمیان اجتماعی دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے ان کے کردار پر سرفہرست رکھا گیا ہے۔ وزیر اعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھنے کی بنیادی وجہ 7 اگست 2026 کو طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی شکل دی گئی تھی۔ رپورٹ کے ٹاپ 50 میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے علاوہ معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل بھی شامل ہیں، جنہیں 18ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔پاکستانی نژاد معروف دانشور پروفیسر اکبر احمد کو بھی ٹاپ 50 میں 29ویں پوزیشن دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں سابق وزیراعظم عمران خان، صحافی حامد میر، سائنس دان ڈاکٹر عطا الرحمٰن، گلوکارہ عابدہ پروین، سماجی کارکن منیبہ مزاری، فلم ساز شرمین عبید چنائے، ڈاکٹر فرحت ہاشمی، جاوید احمد غامدی، مفتی تقی عثمانی اور دیگر نام بھی رپورٹ کی مختلف فہرستوں میں شامل ہیں۔