قومی
بریکنگ نیوز
ریکو ڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے، وزیر اعظم
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں عالمی سرمایہ کاروں اور مختلف ممالک کے نمائندوں نے پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور طویل المدتی شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب میں کہا کہ ملکی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔ فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم نے معدنیاتی ایجنڈے کو قومی معاشی وژن کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔مزید بولے ریکوڈک دنیا کے بڑے غیر استعمال شدہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شامل ہے۔ بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکر گزار ہیں۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان ریکوڈک منصوبے کو ایک استثنا کے بجائے ملک میں طویل المدتی معدنی شراکت داری کے نئے معیار کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ اہم معدنیات کی تلاش، ترقی اور پیداوار میں طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بیرک جان ایل تھورنٹن نے کہا کہ پاکستان میں دوراندیش پالیسیوں اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے باعث ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے خواہاں ہیں اور طویل المدتی تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔۔
من میٹلز کے چیئرمین وانگ جی چنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان معدنیات کی تلاش اور ترقی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط کریں گے۔ آئیون ہو مائنز کے چیئرمین رابرٹ فریڈ لینڈ نے پاکستان میں کمپنی کا مقامی دفتر قائم کرنے اور ماری انرجیز کے ساتھ تانبے اور سونے کی تلاش کے منصوبے سے آگاہ کیا۔۔
فورم میں ترکیہ کے نائب وزیر توانائی نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔
مراکش کی وزارت توانائی کے سیکرٹری جنرل محمد اوہمد نے بھی پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معدنی شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کے معدنی امکانات متعارف کرانے اور ملک کو معدنیات کی تلاش، پیداوار اور ویلیو ایڈیشن کے ایک اہم مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں