ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی آنکھ کے معائنے کے بعد ایک مرتبہ پھر انہیں اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ چھٹا موقع ہے کہ انہیں جیل سے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (پمز) اسپتال لایا گیا جہاں انہیں ضروری طبی امداد دی گئی۔ اسپتال انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں بتایا ہے کہ ماہرینِ جشم کی ٹیم نے عمران خان کی رضا مندی اور تمام احتیاطی تدابیر کے تحت متاثرہ آنکھ میں ’اینٹی ویسکولر انڈوتھلیل گروتھ فیکٹر (وی ای جی ایف) انجیکشن‘ لگایا گیا۔ عمران خان انجیکشن کے عمل سے پہلے، دورانِ علاج اور بعد میں طبی طور پر مستحکم رہے جس کے بعد انہیں تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔عمران خان کو آخری بار لگ بھگ 5 ماہ قبل پمز اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کی آنکھ میں ’اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن‘ لگایا گیا تھا اور اب تک انہیں مجموعی طور پر 6 انجیکشن دیے جا چکے ہیں۔ ’اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن‘ کیوں ضروری ہے؟ ’اینٹی وی ای جی ایف انجیکش‘ آنکھ کے پردے کی بیماری کے علاج کے لیے آنکھ کے اندر ہی لگایا جاتا ہے تاکہ غیر معمولی خون کی شریانوں کی افزائش اور ان سے خون کے اخراج کو روکا جا سکے۔ اس انجیکشن کا بنیادی مقصد بینائی کو مزید خراب ہونے سے بچانا اور بعض مریضوں میں بینائی بہتر بنانا ہوتا ہے۔