دینہ، جہلم (رب نواز گوندل) تاریخی قلعہ روہتاس سے ٹلہ جوگیاں تک 20 کلومیٹر طویل میراتھن واک 15 نومبر 2026ء کو منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر سے تقریباً 3 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ایونٹ کے انعقاد کا مقصد علاقائی تاریخ، ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس حوالے سے معروف سماجی شخصیات اور ایونٹ کے منتظمین ملک مدثر، چوہدری کاشف، چوہدری شہزاد اور ملک عاصم آف یوکے نے پریس کلب دینہ کے صدر محمد احسان جنجوعہ اور صحافتی وفد کو خصوصی بریفنگ دی اور ایونٹ کے انتظامات، شیڈول اور مقاصد سے آگاہ کیا۔

منتظمین کے مطابق میراتھن واک کا آغاز 15 نومبر بروز اتوار صبح 7 بجے ہوگا۔ شرکاء مجموعی طور پر 20 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے، جس میں ابتدائی 17 کلومیٹر پیدل واک جبکہ آخری 3 کلومیٹر دوڑ کر مکمل کرنا ہوں گے۔ شرکاء کو ان کی نوعیت اور کارکردگی کے مطابق دو سے تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔

ایونٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پہلے پانچ شرکاء کو خصوصی اور قیمتی انعامات دیے جائیں گے، جبکہ دیگر شرکاء کو بھی ان کی کارکردگی کی بنیاد پر انعامات سے نوازا جائے گا۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ شرکاء کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے طبی عملے، نجی ڈاکٹروں اور ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق دمے، ذیابیطس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کو ممکنہ طبی خطرات کے پیش نظر شرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایونٹ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تقریباً 500 افراد سیکیورٹی اور انتظامی امور انجام دیں گے، جبکہ ضلعی انتظامیہ سے بھی تعاون اور سیکیورٹی کے لیے باضابطہ درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ منتظمین کے مطابق مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

منتظمین نے مزید کہا کہ شرکاء کے لیے پینے کے پانی، کھانے، ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ اس تاریخی سرگرمی کو کامیاب اور یادگار بنایا جا سکے۔

یہ میراتھن واک تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے، مقامی سیاحت کے فروغ اور صحت مند طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے ایک اہم سرگرمی ثابت ہونے کی توقع ہے