اسلام آباد(ایس اعوان(پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) گروپ نے 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق گروپ کی آمدن میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 62 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ خالص منافع 4.7 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔

گروپ کے مطابق مجموعی آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیادوں پر 181 فیصد اضافہ ہوا۔ پی ٹی سی ایل کی انفرادی آمدن میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کمپنی کا خالص منافع 3 ارب روپے رہا۔ پی ٹی سی ایل کے آپریٹنگ منافع میں نمایاں بہتری کے نتیجے میں خالص منافع میں 343 فیصد اضافہ ہوا۔

فکسڈ لائن اور ڈیجیٹل سروسز کے شعبے میں فلیش فائبر کی آمدن میں 26 فیصد جبکہ بزنس سلوشنز کی آمدن میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح کیریئر اینڈ ہول سیل سروسز کی آمدن میں 13 فیصد اور بین الاقوامی کاروبار کی آمدن میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد ترقی ریکارڈ کی گئی۔

پی ٹی سی ایل گروپ کے مطابق یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام سے موبائل کاروبار کو نمایاں فروغ ملا ہے۔ گروپ کی موبائل کمپنی پی ٹی ایم ایل کی آمدن میں سالانہ بنیادوں پر 139 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس کا آپریٹنگ منافع 33.5 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق پی ٹی ایم ایل کے صارفین کی تعداد 7 کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ تیسری سہ ماہی کے دوران 15 لاکھ نئے صارفین کا اضافہ ہوا۔ کمپنی نے بڑے شہروں میں فائیو جی کوریج کو وسعت دی اور 25 اضلاع میں موبائل نیٹ ورک کے انضمام کے عمل میں بھی پیش رفت کی۔

گروپ کے بینکاری شعبے یو بینک کی آمدن 18.3 ارب روپے رہی، جبکہ اس کی آپریٹنگ کارکردگی میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ یو بینک کے خالص مالیاتی نتائج میں گزشتہ مدت کے مقابلے میں 84 فیصد بہتری آئی۔

پی ٹی سی ایل گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مطابق کمپنی فلیش فائبر اور بزنس سلوشنز کے شعبوں میں ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ صارفین کے لیے 100 ایم بی پی ایس فلیش فائبر کی خصوصی آفر بھی متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ پی ٹی سی ایل اور مرکنٹائل کی شراکت داری سے پاکستان میں آئی فون 18 بھی متعارف کرایا گیا۔

گروپ کے مطابق کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹر سروسز کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پی ٹی سی ایل نے پاکستان میں سب میرین کنیکٹیویٹی اور ہول سیل بینڈوڈتھ کے شعبوں میں بھی اپنی قائدانہ حیثیت برقرار رکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈیجیٹل شمولیت کے حوالے سے گروپ نے بتایا کہ بااختیار پروگرام کے تحت 22 اضلاع کی 2 ہزار 100 خواتین ڈیجیٹل تربیت مکمل کر چکی ہیں۔ یو بینک کی جانب سے خواتین کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور مالیاتی خواندگی کی تربیت بھی فراہم کی گئی۔

اس کے علاوہ پی ٹی سی ایل اور کنیکٹ ہیر کے اشتراک سے کسٹمر سروس سینٹرز پر اشاروں کی زبان کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد سماعت سے محروم صارفین کے لیے خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنے بیان میں ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور صارفین کے بہتر تجربے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے