اسلام آباد(ایس اعوان)پاکستان اور روس کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

یہ کسی بھی روسی وزیر داخلہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد آمد پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے روسی وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورہ پاکستان کے دوران روسی وزیر داخلہ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

روسی وزیر داخلہ کا یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔