شینزن( ایس اعوان)روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ معاشی پابندیاں، محصولات اور برآمدی بندشیں کسی ملک کی ترقی کی رفتار سست تو کر سکتی ہیں، تاہم اس کی معیشت کو مکمل طور پر روکنے یا تباہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ روس کو عالمی سطح پر غیر معمولی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ملک اپنی جغرافیائی حیثیت، عوام کی صلاحیتوں اور عالمی معیشت میں اہم کردار کے باعث ان آزمائشوں سے کامیابی کے ساتھ نکلا ہے۔

ایپیک سی ای او سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ایشیا بحرالکاہل کا خطہ عالمی معیشت کا مرکز اور دنیا کا اہم صنعتی و تکنیکی مرکز بن چکا ہے۔ اس خطے میں بڑی صارف منڈیاں، صفِ اول کی عالمی کمپنیاں اور اعلیٰ معیار کے تحقیقی و تعلیمی ادارے موجود ہیں۔

ولادیمیر پوتن کا کہنا تھا کہ ایشیا بحرالکاہل کا خطہ ایک زیادہ منصفانہ اور جمہوری عالمی نظام کی تشکیل کی واضح مثال ہے، جہاں مرکزی بالادستی پر مبنی پرانے نظام کی جگہ مساوات کی بنیاد پر باہمی روابط کا وسیع نیٹ ورک لے رہا ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ معاشی بالادستی قائم رکھنے اور دیگر ممالک پر دباؤ ڈالنے کے پرانے ہتھکنڈے اپنی افادیت کھو چکے ہیں۔ اقتصادی پابندیاں، محصولات اور برآمدی پابندیاں ترقی کی رفتار متاثر کر سکتی ہیں، لیکن کسی ملک کی معیشت کو مکمل طور پر مفلوج نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے یورپی یونین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ روسی منڈی تک رسائی ترک کرنے اور سستی روسی توانائی کی قابلِ اعتماد فراہمی منقطع کرنے کے فیصلوں کے باعث یورپ کو اپنے ہی اقدامات کے نتائج کا سامنا ہے۔ کئی دہائیوں تک روسی توانائی یورپی خوشحالی کی بنیاد رہی، تاہم اب یورپی یونین کی صنعتی صلاحیت کم ہو رہی ہے اور عالمی حریفوں کے مقابلے میں مسابقتی حیثیت متاثر ہو رہی ہے۔

پوتن کے مطابق یورپی یونین کو بجٹ خسارے، بڑھتے ہوئے قرضوں اور افراطِ زر جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

روسی صدر نے بتایا کہ 2014 میں روس کی مجموعی بیرونی تجارت میں ایشیا بحرالکاہل کے خطے کا حصہ ایک چوتھائی سے زیادہ تھا، اس وقت اسے 40 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم اب یہ حصہ بڑھ کر 53 فیصد سے تجاوز کر چکا ہے۔

انہوں نے ایپیک پر زور دیا کہ عالمی معیشت میں تبدیلیوں اور خطے کی بڑھتی ہوئی برآمدی صلاحیت کے پیش نظر رسد و ترسیل کے نظام اور نقل و حمل کے نیٹ ورک کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ روس خشکی اور سمندر کے راستے سامان کی نقل و حمل کے لیے متعدد متبادل تجارتی گزرگاہیں فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ولادیمیر پوتن نے ایپیک کو بڑی معیشتوں کے درمیان تعمیری مکالمے کا اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فورم کے ذریعے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی سے متعلق اختلافات کو بات چیت، باہمی مفاہمت اور مفادات میں توازن کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔

روسی صدر نے ایپیک سربراہی اجلاس کے موقع پر روس، چین اور امریکہ کے سربراہان کے درمیان طے شدہ سہ فریقی ملاقات سے بھی بڑی امیدیں وابستہ کرتے ہوئے اسے باہمی تعاون کے فروغ کا اہم موقع قرار دیا۔