ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے جنگی ڈرونز کے ذریعے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود میں امریکی فوجی ڈرونز کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائی دفاع اور الیکٹرانک وارفیئر آپریشنز کے دوران ایم کیو سیریز اور ایم کیو ایم 170 ڈرونز کو روکنے، تباہ کرنے اور قبضے میں لینے کے بعد امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں اور خطے میں موجود فوجی اڈوں اور تنصیبات کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کا جواب دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی فوج کے کمانڈرز کو ایسی کارروائیوں کے نتائج کی ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔ دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بحرین نے ایرانی فضائی حملے روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سے قبل بحرین نے ایک غیر واضح خطرے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے شہریوں اور رہائشیوں کو قریبی محفوظ مقام پر جانے کی ہدایت کی تھی۔