اسلام آباد(ایس اعوان)پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کے فروغ اور پاکستانی باکسرز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پاکستان پروفیشنل باکسنگ بورڈ کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ معروف پاکستانی باکسر عامر خان نے نئے بورڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کے پہلے شو کا انعقاد 10 فروری کو متوقع ہے۔
عامر خان کے مطابق نئے بورڈ کے تحت باکسرز، ریفریز اور ججز کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کی جائے گی، جبکہ پاکستانی باکسرز کو عالمی مقابلوں میں متعارف کرانے کے لیے بین الاقوامی باکسنگ تنظیموں سے روابط قائم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈبلیو بی سی، ڈبلیو بی اے، آئی بی ایف اور ڈبلیو بی او سے الحاق کی کوششیں بھی کی جائیں گی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ اکیڈمیز اور جدید جمنازیم کی شدید کمی ہے، تاہم لیاری سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ حکومت خالی اسپورٹس کمپلیکس اور سرکاری اراضی پر باکسنگ اکیڈمیز کے قیام میں تعاون کرے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث پاکستانی باکسرز دوسرے ممالک کی نمائندگی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ نئے بورڈ کے تحت باکسرز کو بیرون ملک مقابلوں، تربیت اور اسپانسرشپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ بورڈ حکام کے مطابق مقابلے جیتنے یا ہارنے، دونوں صورتوں میں باکسرز کو معاوضہ دیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت باکسنگ مقابلوں سے قبل میڈیکل معائنہ اور فٹنس ٹیسٹ لازمی ہوں گے، جبکہ تجربے اور مقابلوں کے ریکارڈ میں فرق رکھنے والے باکسرز کو غیر منصفانہ مقابلوں سے محفوظ بنایا جائے گا۔ ریفریز اور ججز کے لیے قومی اور بین الاقوامی معیار کے تربیتی کورسز بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ پاکستانی آفیشلز کو ایشیائی اور عالمی مقابلوں میں ذمہ داریاں مل سکیں۔
عامر خان کے مطابق پاکستان پروفیشنل باکسنگ بورڈ نجی شعبے کی کاوش ہے اور اس کا انحصار سرکاری فنڈنگ پر نہیں ہوگا۔ باکسرز، ریفریز اور ججز کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے ویب سائٹ Showboxing.com فعال کر دی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے بعد امیدواروں کے میڈیکل ٹیسٹ، معائنے اور انٹرویوز کیے جائیں گے۔
بورڈ کے تحت پاکستانی باکسرز کے مقابلوں کا ریکارڈ مستند بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر محفوظ کیا جائے گا۔ بورڈ کا مقصد پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کے لیے شفاف، محفوظ اور عالمی معیار کا نظام متعارف کرانا ہے
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں