اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں سال اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی تیاری کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق اس اضافے کے نتیجے میں صارفین پر مجموعی طور پر 95 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے نیپرا کو باضابطہ درخواست ارسال کردی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ارسال کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تینوں مہینوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافہ منظور کیا جائے۔ مجوزہ اضافہ ستمبر 2026 کے فیول ایڈجسٹمنٹ ریٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔ خیال رہے کہ نیپرا اس درخواست پر 2 دسمبر کو سماعت کرے گا، جس میں اضافے کی منظوری سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق اس سے قبل اکتوبر کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کی درخواست دی گئی تھی، جبکہ نومبر کے لیے وزارت توانائی نے 92 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔