اسلام آباد(ایس اعوان)اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس کی صدارت کر رہا ہے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں افغان طالبان حکومت کو شرکت کی دعوت نہیں دی۔ افغان طالبان حکومت کو اجلاس میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران علاقائی تجارت کے فروغ، اقتصادی تعاون میں اضافے اور رکن ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے میں اقتصادی روابط، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پر بھی غور کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس علاقائی اقتصادی تعاون کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہوگا۔