اسلام آباد(ایس اعوان)کراچی کی مارکیٹوں میں جعلی اور غیر قانونی ادویات کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے 9 جعلی و غیر قانونی ادویات سے متعلق ریپڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کر دی۔
ڈریپ کے مطابق کراچی کی مارکیٹوں سے چار جعلی ماؤتھ واش، بچوں کے امراض چشم کے علاج میں استعمال ہونے والا سپرے، آنکھوں کے قطرے اور جلد و کان کے امراض سے متعلق جعلی کریمیں پکڑی گئی ہیں۔ جعلی ادویات پر ایل سی فارما اور نیو ہربل کیئر کراچی کے پتے درج ہیں۔
ڈریپ الرٹ کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ نے ضبط کیے گئے ادویات کے نمونوں کو جعلی قرار دیا ہے۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں ان ادویات کے نمونوں میں مطلوبہ سالٹ کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ڈریپ نے جن جعلی مصنوعات کی نشاندہی کی ہے ان میں بے بی آئی سپرے، ٹوبرامائیسین اوپتھلمک سلوشن، ٹوٹل کیئر، ڈینزیکور، اینٹی پلاک اور ہیپی ٹوتھ کڈز ماؤتھ واش شامل ہیں۔
اسی طرح کان کے درد کے لیے استعمال ہونے والی پین کلر وائٹل ایئر کریم، بے بی کیئر ایئر کریم اور جلد کے امراض کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے میجک لوشن کا بیچ نمبر 002 بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔
ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ ان غیر معیاری اور جعلی ادویات کا معیار اور افادیت غیر واضح ہے، ان کا استعمال انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
اتھارٹی نے کراچی کی مارکیٹوں سے ان جعلی ادویات کو فوری طور پر ضبط کرنے اور ان کی فروخت روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ڈریپ نے جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
ڈریپ نے تمام ڈسٹری بیوٹرز اور میڈیکل اسٹورز کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ جعلی ادویات کی موجودگی یا فروخت سے متعلق فوری طور پر اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ عوام کو ان کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں