اسلام آباد(ایس اعوان)بھارت نے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سولائزیشن ڈائیلاگ فورم میں شرکت کی دعوت دے دی ہے، ذرائع کے مطابق فورم کا اجلاس 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کو ایس سی او کے تہذیبی مکالمہ فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جبکہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی پاکستان کو دعوت دیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

اس سے قبل بھی بھارت پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے ثقافت کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وزیر ثقافت عاصم کھچی کو نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او وزرائے ثقافت کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

پاکستان کو دونوں فورمز میں شرکت کی دعوت ایسے وقت میں دی گئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔ ایس سی او کے پلیٹ فارم پر رکن ممالک کے درمیان تہذیبی، ثقافتی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں۔