اسلام آباد(ایس اعوان) مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا تیسرا اجلاس رواں ماہ کے اختتام پر اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی، عسکری اور دفاعی قیادت شرکت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری سربراہان شریک ہوں گے، جبکہ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور فیلڈ مارشل کریں گے۔
اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان، وزیر دفاع یاشر گلر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو کی شرکت بھی متوقع ہے۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور سعودی وزیر دفاع بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا یہ تیسرا اجلاس ہوگا۔ اس سے قبل کمیٹی کے ایک ایک اجلاس ترکیہ اور سعودی عرب میں منعقد ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں مشترکہ دفاعی معاہدے کے سیکرٹری جنرل پاکستان سے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی تازہ صورتحال اور حوثی حملوں کے تناظر میں خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تینوں ممالک کی قیادت مشترکہ دفاعی معاہدے کے مختلف پہلوؤں، علاقائی صورتحال اور باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور کا بھی جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے باضابطہ نام اور اس کے اختصار کو حتمی شکل دینے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ اس مقصد کے لیے تین مجوزہ ناموں اور ان کے اختصارات پر غور کیا جائے گا۔
اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دو، دو ارکان شامل ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس تینوں ممالک کے درمیان سیاسی، دفاعی اور عسکری تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
تبصرے (۰)
اپنی رائے دیں